18 مئی 2015 - 04:02
عمار الحکیم: تقسیم عراق کے نتائج پر انتباہ

عراق کی مجلس اعلائے اسلامی کے سربراہ نے ملک کی تقسیم اور اس کے بدترین نتائج کے بارے میں خبردار کیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس اعلائے اسلامی عراق کے سربراہ عمار حکیم نے اتوار کو بغداد میں سیاسی و علمی شخصیتوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عراق تقسیم ہوا تو اس سے صرف صیہونی حکومت فائدہ اٹھائے گی- عمار حکیم نے کہا کہ اسرائیل علاقے کے ممالک کو کمزور کرنے کے لئے انجام پانے والی تمام کوششوں سے فائدہ اٹھاتی ہے اور اگر عراق تقسیم ہوا تو چھوٹے ممالک، اور تقسیم کے نتیجے میں وجود میں آنے والے چھوٹے علاقوں کو مختلف چیلنجوں اور سنگین اختلافات کا سامنا کرنا پڑے گا- عراق کی مجلس اعلائے اسلامی کے سربراہ نے تمام عراقی پارٹیوں اور عوام کے ہرطبقے کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے موجودہ مسائل و مشکلات، تقسیم کے بعد پیدا ہونے والے مسائل سے بہت کم ہیں - سید عمار حکیم نے کہا کہ داخلی اتحاد و یکجہتی بیرونی طاقتوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی اور اپنے ملک کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق صرف عراقیوں کو ہے اور انھیں تمام فیصلوں میں اپنے قومی مفادات کا لحاظ رکھنا چاہئے- عراق کی مجلس اعلائے اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ دوسروں کی سازشوں اور منصوبوں کی بنیاد ان کے اپنے مفادات پر استوار ہے اور عراقیوں کو اپنے مفادات کی حفاظت کی کوشش خود کرنی چاہئے- سید عمار حکیم نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ عراقی کردوں، شیعوں اور سنیوں کے مفادات ایک ہیں، تمام عراقیوں سے مطالبہ کیا کہ سب کے مفادات کی ضمانت کے لئے نئے نظریات اور آراء تلاش کریں- مجلس اعلائے اسلامی کے سربراہ نے عراق کی تقسیم کے بدترین نتائج اور اس کے علاقے کے دوسرے ممالک میں سرایت کرنے کے بارے میں بھی خبردار کیا اور کہا کہ مذہبی قیادت عراق میں امن کی ضامن ہے اور اس نے ملک کو درپیش تمام مشکلات میں مدد کی ہے-

.......

/169